مڈگاؤں ، 20؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ٹورنامنٹ سے جلد باہر ہونے کے خدشہ کے درمیان میزبان ہندوستان کو اے ایف سی انڈر- 16فٹ بال چمپئن شپ میں بنے رہنے کے لیے کل یہاں گروپ اے میں ایران کی مضبوط ٹیم کے خلاف جیت درج کرنی ہوگی۔پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف شکست کے بعد ہندوستان نے دوسرے میچ میں واپسی کرتے ہوئے سعودی عرب کو برابری پر روکاتھا ۔یو اے ای کے خلاف پہلے میچ کی طرح سعودی عرب کے خلاف بھی ہندوستان نے پہلے ہاف میں ملی سبقت کو گنوادیا۔مخالف ٹیم نے دوسرے ہاف میں دو منٹ کے اندر اندر دو گول داغ کر برتری بنائی۔کپتان سریش وانگ جیم نے حالانکہ انجری ٹائم میں پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے ہندوستان کو 3-3کی برابری پر لا دیا ۔ہندوستان اب اپنا آخری میچ کل پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر پر چل رہی ایرانی ٹیم کے خلاف کھیلے گا اور ناک آؤٹ میں جگہ بنانے کے لیے اسے ہر حال میں جیت درج کرنی ہوگی۔ایران کے چار پوائنٹس ہیں اور اسے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے صرف ڈرا کی ضرورت ہے۔ہندوستانی کوچ نکولئی آیڈم نے کہاکہ ایران کے خلاف مقابلہ کافی سخت ہوگا لیکن ہم اپنی بہترین کوشش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس ٹورنامنٹ میں کئی ایسے نتائج رہے ہیں جن کی توقع نہیں کی گئی تھی۔ایمانداری سے کہوں تو مجھے لگتا ہے کہ ایسا ہو سکتا ہے۔اگر آپ اس کا تصور کریں اور اس پر یقین کریں تو یہ ممکن ہے اور ہم اسی سوچ کے ساتھ میچ میں اتریں گے۔ایران کے کوچ عباس چمانین نے حالانکہ کہا کہ ان کی ٹیم ڈرا کے لیے نہیں اترے گی اور جیت درج کرنے کی کوشش کرے گی۔گروپ اے سے چاروں ٹیموں کے پاس ناک آؤٹ میں جگہ بنانے کا موقع ہے اور ایسے میں سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان کل ہونے والا اس گروپ کا ایک اور مقابلہ بھی کافی اہم ہے۔